غزہ میں 70 بچوں سمیت 100 فلسطینی شہدا کی اجتماعی تدفین
شائع شدہ تاریخ 07 ستمبر, 2026
غزہ میں اسرائیلی جنگ کے دوران تباہ ہونے والے گھروں کے ملبے سے حالیہ دنوں میں نکالی گئی 100 فلسطینیوں کی میتوں کی اتوار کو غزہ سٹی کے علاقے زیتون میں اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی، جن میں 70 بچے بھی شامل تھے۔
جنازے میں متاثرہ خاندانوں کے افراد سمیت ہزاروں فلسطینیوں، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ میتوں اور انسانی باقیات کو تباہ شدہ گھروں کے ملبے کے قریب ایک مقام پر رکھا گیا اور ان پر فلسطینی پرچم لپیٹے گئے۔
جنازے کے موقع پر غزہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں، متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں اور دیگر سماجی شخصیات نے تعزیتی اور یادگاری خطاب بھی کیے۔
نماز جنازہ کے بعد میتوں اور باقیات کو زیتون کے علاقے میں واقع الاحلی قبرستان میں دفن کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امدادی ٹیمیں بمباری سے تباہ علاقوں میں ملبے سے اب تک تقریباً 900 لاشیں نکال چکی ہیں ، غزہ کی پٹی میں 9 ہزار کے قریب فلسطینیوں کی لاشیں اب تک مختلف مقامات پر ملبے تلے دبی ہوئی ہیں۔