ترکیے کا دفاعی بجٹ بڑھانے کا بڑا فیصلہ، اخراجات میں 229 فیصد اضافہ
شائع شدہ تاریخ 07 ستمبر, 2026
ترک میڈیا کے مطابق نائب صدر جودت یلماز نے2027 سے 2029 تک تین سال کے لیے ملک کا معاشی منصوبہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دفاعی صنعت میں ہمارا مقصد ایسا ترکیے بنانا ہے جو اپنی ٹیکنالوجی خود تیار کرے اور پیداوار میں اضافہ کرے، ہم دفاعی اخراجات میں 229 فیصد اضافہ کر رہے ہیں۔
ترک نائب صدر کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی کا رجحان شروع ہو چکا ہے، مہنگائی کے خلاف جنگ میں حکومت نے نمایاں پیشرفت کی ہے۔
جودت یلماز نے مزیدکہا کہ عالمی خطرات ترک معیشت کو متاثرکر رہے ہیں، عالمی معیشت حالیہ عرصے میں ایک ایسے نئے دور میں داخل ہوگئی ہے جہاں معاشی، تکنیکی اور جغرافیائی سیاسی تبدیلیاں ایک دوسرے سے جڑگئی ہیں۔
خیال رہےکہ حال ہی میں ترک بحریہ نے اعلان کیا ہےکہ ترکیےکا پہلا طیارہ بردار بحری جہاز (MUGEM) 27 ستمبر 2027کو سمندر میں اتارا جائےگا۔
ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجومن اوغلو کے مطابق جہاز کی تعمیرکا کام اچھی رفتار سے جاری ہے۔ یہ ایسا طیارہ بردار جہاز ہوگا جو ایک ہی وقت میں بغیر پائلٹ کے طیارے اڑا سکے گا اور اپنے اندر سے بغیر پائلٹ کی بحری اور زیر آب گاڑیاں بھی تعینات کر سکےگا۔ اس طرح ہم دنیا کا پہلا ملک بن جائیں گے جو اس نوعیت کا طیارہ بردار بحری جہاز چلائے گا۔