ٹرمپ نے ایران کو نئی فوجی کارروائی کی دھمکی دے دی
شائع شدہ تاریخ 24 جولائی, 2026
امریکی خبر رساں ادارے ایکزیوس سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ابھی ایران کو زیادہ تکلیف نہیں پہنچی ہے۔ وہ ایران میں بڑی فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ نئی فوجی کارروائیوں میں ’’آپریشن ایپک فیوری‘‘ کے حملوں سے زیادہ بڑے حملے کیے جاسکتے ہیں۔
نئے اور بڑے حملوں کی یہ دھمکی دیتے ہوئے ٹرمپ نے یہ بھی کہہ دیا کہ ابھی انہوں نے نئے اور بڑے حملوں کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے ایران کے خلاف جنگ روکنے کے حق میں ووٹ دیا ، ایران کے خلاف فوجی آپریشن روکنے کی قرارداد پر 214 ارکان نے حق میں ووٹ دیا ، مخالفت میں 208 ووٹ آئے ، 4 ری پبلکن ارکان نے بھی ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
تاہم یہ قرارداد ٹرمپ انتظامیہ کو کسی عمل کے لیے پابند نہیں کرسکتی۔
دوسری جانب امریکی سینیٹ نے ایران کے خلاف فوجی آپریشن روکنے کی قرارداد مسترد کر دی ، قرارداد کے حق میں 47 اور مخالفت میں 49 ووٹ آئے ۔