بارشوں کے بعد ڈیرہ غازی خان میں ندی نالوں میں طغیانی

شائع شدہ تاریخ 25 جولائی, 2026
بارشوں-کے-بعد-ڈیرہ-غازی-خان-میں-ندی-نالوں-میں-طغیانی

ڈیرہ غازی خان میں قبائلی علاقوں میں بارش کے بعد برساتی ندی نالوں میں پانی کا بھاؤ بڑھ گیا، یکبئی روڈ، درگ لہڑ ندی اور لینڑی لہڑ ندی میں طغیانی آگئی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق طغیانی سے تونسہ موسیٰ خیل روڈ گنگیالی کے مقام پر زیرآب  آگیا، دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔

ادھر  سرگودھا میں بھی بارشوں سے دریاؤں میں طغیانی ، نالے اوور فلو ہوگئے ، پانی کھیتوں اور آبادیوں میں داخل ہوگیا ۔ متاثرہ علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا ۔

دوسری جانب مانسہرہ میں سیف الملوک جھیل روڈ کے اطراف پہاڑی مقامات پر شدید بارش اور سیلابی ریلے سے ناران کو جھیل سیف الملوک سے ملانے والی سڑک بدستور بند ہے۔

سیلابی ریلوں سے جنوبی وزیرستان لوئر میں 3 کاز وے بہہ گئے ۔ استور ویلی روڈ کو بند ہوئے 6 روز ہو گئے ، بحالی کا کام جاری ہے۔

بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہِ بلتستان بند ہے اور  زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔شہریوں کو کھانے پینے کی اشیا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کا سامنا ہے۔