10 جولائی سے پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی فوری گرفتاری کا حکم

شائع شدہ تاریخ 30 جون, 2026
10-جولائی-سے-پاکستان-میں-غیر-قانونی-مقیم-افغان-شہریوں-کی-فوری-گرفتاری-کا-حکم

وفاقی وزارت داخلہ نے پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں سے متعلق اہم مراسلہ تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز، چیف کمشنر اسلام آباد اور متعلقہ اداروں کو ارسال کیا ہے۔

مراسلے میں10 جولائی سے بغیر کارآمد ویزے کے پاکستان میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود پاکستان میں مقیم افغان شہری بھی کارروائی کی زد میں آئیں گے۔

وزارت داخلہ کے مراسلے میں متعلقہ حکام کو غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے منصوبے پر موثر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی رپورٹ وزارتِ داخلہ کو بھجوائی جائے۔

یومیہ بنیاد پر دی جانے والی رپورٹ میں بغیر ویزا ملنے والے افغان شہریوں کی تعداد، کارروائی اور موجودہ حیثیت شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس معاملے کو انتہائی اہم قرار اور اس پر فوری اور مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔