پاکستان بھارت کرکٹ مقابلوں کیلئے بڑی تیاری، ملٹی نیشنل میچز کرانے کا منصوبہ

شائع شدہ تاریخ 05 ستمبر, 2026
پاکستان-بھارت-کرکٹ-مقابلوں-کیلئے-بڑی-تیاری،-ملٹی-نیشنل-میچز-کرانے-کا-منصوبہ

ذرائع کے مطابق پاکستان نے کافی عرصے سے بھارت کے سامنے یہ تجویز رکھی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ باہمی ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بجائے سہ فریقی (ٹرائی سیریز) یا چار ملکی ٹورنامنٹ کرائے جائیں، جو مالی طور پر زیادہ سودمند ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس مجوزہ فارمولے کے تحت پاکستان اور بھارت کے ساتھ ایک یا دو دیگر ممالک کو شامل کر کے ایک منافع بخش سیریز کا انعقاد ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

اس اہم معاملے پر آئندہ باضابطہ بحث کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا فیوچر پروگرام پر ایک اہم سیمینار رواں ماہ بائیس اور تئیس ستمبر کو دبئی میں منعقد ہوگا۔

اس دو روزہ سیمینار میں ٹیسٹ کھیلنے والے بارہ فل ممبرز سمیت آٹھ ایسوسی ایٹ ممبرز بھی شرکت کریں گے، جہاں کرکٹ کے مستقبل کے شیڈول اور تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچز کے لیے دونوں ممالک کی حکومتوں کی باضابطہ کلیئرنس درکار ہوتی ہے۔

تاہم بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت کو پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز کے برعکس ملٹی نیشنل ٹورنامنٹس یا نیوٹرل مقام پر ہونے والے مقابلوں پر عموماً اعتراض نہیں ہوتا۔

اسی تناظر میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ان مجوزہ ملٹی نیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے متحدہ عرب امارات (امارات)، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو موزوں ترین مقامات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔