بگ بیش لیگ میں بڑا فیصلہ، غیرملکی کھلاڑیوں کی لازمی شرط ختم

شائع شدہ تاریخ 25 اگست, 2026
بگ-بیش-لیگ-میں-بڑا-فیصلہ،-غیرملکی-کھلاڑیوں-کی-لازمی-شرط-ختم

میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ بیش لیگ میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جس  کے بعد مینز اینڈ ویمنز کے آئندہ 2 سیزن میں غیرملکی کھلاڑیوں کو لازمی رکھنے کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل بی بی ایل میں کم از کم 2 یا 3 غیرملکی کھلاڑیوں کو رکھنے کی شرط تھی۔

اس کے علاوہ غیرملکی کھلاڑیوں میں سے ایک کھلاڑی کو گولڈیا پلاٹینم کیٹگری میں رکھنے کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے، گولڈ کیٹگری والے کھلاڑی کو 3 لاکھ جبکہ پلاٹینم والے کو 4 لاکھ 20 ہزار ڈالرز ملتے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بی بی ایل میں ڈرافٹ سسٹم ختم کرکے اوپن مارکیٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کا کلبز کے لیے کنٹریکٹ ونڈو اوپن کرنے کا بھی امکان ہے۔

میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے شرط ختم کرنے سے لوکل کھلاڑیوں کو مالی طور پر فائدہ ہوگا۔

گزشتہ قوانین کے تحت کلبز کے ٹاپ 6 مارکی کھلاڑیوں کی مجموعی تنخواہ 17 لاکھ ڈالر مقرر تھی، اگلے سیزن میں مارکی پلیئرز کی کیٹگری کو کم کرکے 4 کھلاڑیوں تک کیا جائےگا، آفیشلز کے مطابق اس فیصلے سے بہترین کھلاڑیوں کو زیادہ کمانے کا موقع ملے گا چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو۔