معدے کی تیزابیت: رات کے کھانے کے بعد یہ غلطی ہرگز نہ کریں

شائع شدہ تاریخ 12 ستمبر, 2026
معدے-کی-تیزابیت-رات-کے-کھانے-کے-بعد-یہ-غلطی-ہرگز-نہ-کریں

معدے کی تیزابیت ایک عام مسئلہ ہے جس کا سامنا مختلف افراد کو مختلف شدت کے ساتھ ہوتا ہے، اس کیفیت میں معدے کا تیزاب غذائی نالی کی جانب واپس آنے لگتا ہے، جس کے نتیجے میں سینے میں جلن، کھٹی ڈکاریں، پیٹ پھولنے اور بے چینی جیسی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق کبھی کبھار ہونے والی تیزابیت عام مسئلہ ہوسکتی ہے، تاہم اگر یہ کیفیت بار بار یا شدید صورت میں سامنے آئے تو اسے نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ بعض اوقات مسلسل تیزابیت گیسٹرو ایسوفیجیل ریفلکس ڈیزیز (جی ای آر ڈی) کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ غذائی عادات بھی معدے کی تیزابیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، مسالے دار اور چکنائی سے بھرپور کھانے بعض افراد کیلیے مسئلہ پیدا کرسکتے ہیں، جبکہ کافی، چاکلیٹ، ٹماٹر اور ترش پھل بھی کچھ لوگوں میں تیزابیت کی علامات کو بڑھا سکتے ہیں۔

تاہم ہر شخص میں تیزابیت پیدا کرنے والی غذائیں مختلف ہوسکتی ہیں، اس لیے اپنی غذا اور علامات کے درمیان تعلق کو سمجھنا ضروری ہے۔

تیزابیت سے کیسے بچا جائے؟

ماہرین کے مطابق تیزابیت سے بچنے کے لیے ایک وقت میں بہت زیادہ کھانے کے بجائے تھوڑی مقدار میں غذا لینا، کھانے کو اچھی طرح چبا کر آہستہ آہستہ کھانا اور رات کے کھانے کے فوراً بعد لیٹنے سے گریز کرنا مفید ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر رات کے کھانے اور سونے کے درمیان کم از کم 3 گھنٹے کا وقفہ رکھنے کی تجویز دی جاتی ہے۔

غذائی احتیاط کے ساتھ کیلا اور اوٹس سے تیار ایک سادہ سادہ سا باؤل بھی ہلکی غذا کا اچھا انتخاب ہوسکتا ہے۔ اسے تیار کرنے کے لیے گھر میں موجود اشیاء بھی بہت کارآمد ہیں۔

اجزا :

آدھا کپ پکا ہوا اوٹس
ایک کیلا (چھوٹا سائز)
آدھا کپ دہی
ایک چھوٹا چمچہ چیا سیڈز

بنانے کا طریقہ:

پکے ہوئے اوٹس میں کیلا، دہی اور چیا سیڈز ملا لیں اسے آہستہ آہستہ کھائیں خیال رہے کہ اسے بہت زیادہ مقدار میں نہیں کھانا ہے۔

اس کی تیاری کے لیے پکے ہوئے اوٹس میں کیلا، دہی اور چیا سیڈز شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس ڈش کو کم مقدار میں اور آہستہ آہستہ کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

اوٹس میں فائبر موجود ہوتا ہے جبکہ کیلا نسبتاً غیر ترش پھل ہے اور بعض افراد اسے آسانی سے برداشت کرلیتے ہیں۔ تاہم تیزابیت کے مریضوں کے لیے کسی بھی غذا کا اثر یکساں نہیں ہوتا۔

اس لیے اگر کسی مخصوص چیز کے استعمال سے علامات بڑھتی محسوس ہوں تو اسے اپنی غذا سے کم یا خارج کرنا بہتر ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ صرف غذائی تبدیلیوں پر انحصار کرنے کے بجائے تیزابیت کی بار بار ہونے والی علامات کی اصل وجہ جاننا بھی ضروری ہے۔

اگر سینے کی جلن یا کھٹی ڈکاریں مسلسل آتی رہیں، علامات شدید ہوں یا معمول کی احتیاط کے باوجود مسئلہ برقرار رہے تو ڈاکٹر یا ہیلتھ کیئر پروفیشنل سے فوری مشورہ کرنا چاہیے۔