شہری یہ انجیکشن ہرگز نہ لگوائیں، اہم الرٹ جاری

شائع شدہ تاریخ 11 ستمبر, 2026
شہری-یہ-انجیکشن-ہرگز-نہ-لگوائیں،-اہم-الرٹ-جاری

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول نے دل کی دھڑکن خطرناک حد تک سست ہونے کے مبینہ واقعات کے بعد گلائکوسٹنگ انجکشن کے ایک مخصوص بیچ کی فراہمی، تقسیم اور فروخت پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی۔

الرٹ نمبر 125/2026 کے تحت یہ دوا روکنے کا حکم جاری کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ گلائکوسٹنگ 1 ملی لیٹر (Glycosting 1ml) انجکشن، بیچ نمبر BBG11 (تاریخِ انقضاء: جنوری 2028) متاثرہ ہے۔

اس انجکشن میں ‘Glycopyrrolate 0.5mg’ اور ‘Neostigmine Methylsulfate 2.5mg’ پائے جاتے ہیں۔

صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں اس دوا سے شکایات سامنے آئیں، جن میں مریضوں کی دل کی دھڑکن کا غیر معمولی طور پر سست ہو جانا شامل ہے۔

پروونسل کوالٹی کنٹرول بورڈ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اس بیچ کے استعمال پر فوری طور پر روک لگا دی ہے۔

ڈسٹری بیوٹرز کو اس مخصوص بیچ کی سپلائی فوری روکنے اور اپنی کوالٹی کنٹرول، شکایت اور فارماکوویجیلنس کی تمام ہسٹری جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تمام ہسپتالوں، ڈسٹری بیوٹرز، اور فارمیسیوں کو یہ بیچ قرنطینہ ) کرنے اور ریکارڈ ڈرگ انسپکٹر کو جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔

مریضوں اور عام شہریوں کو سخت ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ بیچ کا استعمال فوری طور پر ترک کر دیں۔