لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے فیصل آباد کے وکلاء نے مکمل احتجاجی ہڑتال کی , کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوا
شائع شدہ تاریخ 08 جولائی, 2019
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کی اپیل پر فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے وکلاء نے کل ہفتہ کے روز مکمل احتجاجی ہڑتال کی اورعدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیا جبکہ کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہو ا۔ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ جب تک فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ کا قیام عمل میں نہیں آ جاتا اس وقت تک ان کااحتجاج جاری رہے گا۔یہا ں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ فیصل آباد کے وکلاء کئی سالوںسے اپنا احتجاج اور ہفتہ وار ہڑتال کا سلسلہ جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں لیکن متعلقہ ارباب اختیار کی جانب سے اس ضمن میں کوئی فیصلہ کن اقدامات نہ کئے جا رہے ہیں جس کے باعث ہڑتال کے روز ہزارو ںسائلان کو اپنے مقدمات کے سلسلہ میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ خود عدالتوں میں پیش ہو کر نئی تاریخیں حاصل کرتے ہیں جس سے انصاف کی بروقت فراہمی کا عمل بھی متاثر ہو رہا ہے۔