عراق سے ڈرون حملہ، سعودی عرب نے بڑی تیل پائپ لائن بند کردی
شائع شدہ تاریخ 12 ستمبر, 2026
سعودی عرب نے جمعے کو کہا کہ اس نے ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو بند کر دیا ہے، جس پر ایک روز قبل حملہ کیا گیا تھا۔ سعودی وزارتِ توانائی نے پائپ لائن کی بندش کو ’’احتیاطی اقدام‘‘ قرار دیا۔
سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق گزشتہ روز ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا تھا، پائپ لائن کی حفاظت اور نقصان کا جائزہ لینے کے لیے امدادی و تکنیکی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، یہ پائپ لائن سعودی شہر بقیق سے خام تیل ینبع بندرگاہ تک پہنچاتی ہے اور روزانہ تقریباً 50 لاکھ بیرل تیل منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے حملے کا الزام عراق سے آنے والے متعدد ڈرونز پر عائد کیا۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں مملکت نے کہا کہ وہ جوابی کارروائی نہیں کرے گی تاکہ عراقی حکومت کو ’’ضروری اقدامات کرنے کا موقع‘‘ دیا جا سکے۔