تاجروں نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز مسترد کردی
شائع شدہ تاریخ 16 ستمبر, 2026
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تیاریوں پر تاجر برادری کا شدید ردِعمل سامنے آگیا۔
لاہور میں صدر انجمن تاجران کی زیرِ صدارت شاہ عالم مارکیٹ میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت کی اس تجویز پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں میں گاہک نہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی سنسان لاک ڈاؤن کی سی صورتحال ہے اور تاجر برادری شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ ڈنڈے کے زور پر لاک ڈاؤن لگانے کی کوشش کی گئی تو سخت مزاحمت کی جائے گی۔
اجمل بلوچ نے مطالبہ کیا کہ حکومت مفت پٹرول، بجلی اور گیس کی سہولیات کی پریکٹس ختم کرے اور لاک ڈاؤن کی تجویز فوری ترک کرے، ورنہ تاجر برادری سڑکوں پر نکل کر ملک گیر احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دے گی۔
دوسری جانب کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے بھی ممکنہ لاک ڈاؤن کے فیصلے کو سختی سے مسترد کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کسی بھی قسم کے لاک ڈاؤن کو تسلیم نہیں کرے گی، حکومت کو چاہیے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے اپنے اخراجات ختم کرے، مہنگائی پر قابو پائے اور بے روزگار ہوتے لوگوں کے لیے روزگار کی فراہمی کے ہنگامی اقدامات کرے نہ کہ کاروبار بند کرائے۔