وزیرداخلہ سندھ نے ڈاکٹر سمعیہ کے بیان کو مشہوری کی کوشش قرار دے دیا

شائع شدہ تاریخ 15 ستمبر, 2026
وزیرداخلہ-سندھ-نے-ڈاکٹر-سمعیہ-کے-بیان-کو-مشہوری-کی-کوشش-قرار-دے-دیا

میر رضا کیس کی تحقیقات میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے نامعلوم افراد کی جانب سے سنگین دھمکیاں ملنے کا انکشاف کی ، جس پر صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے ردعمل دیتے ہوئے اس بیان کو محض "مشہوری حاصل کرنے کی کوشش” قرار دیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لوگ پبلسٹی کے لیے ایسی باتیں کرتے ہیں، ، پہلے کہہ چکے ہیں کمیشن جو آرڈر کرے گا اس پر عمل کریں گے۔

گذشتہ روز جوڈیشل کمیشن میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ گزشتہ دو روز سے موٹر سائیکل سوار ان کا پیچھا کر رہے ہیں اور انہیں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے موت کی وجہ ‘خودکشی’ لکھی تو ان کے ساتھ نرمی برتی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ سوشل میڈیا پر ان کے شوہر کا نام اور گھر کا پتہ وائرل کیا گیا ہے۔

پولیس سرجن نے کمیشن کو بتایا تھا کہ کرائم سین سے خون کی مقدار بہت کم ملی، جبکہ دل پر زخم کی صورت میں خون زیادہ ہونا چاہیے تھا، اس کے علاوہ میر رضا کے سر کے عقبی حصے پر کسی سخت چیز کے لگنے کا نشان تھا اور ان کی ناک کی ہڈی بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔

جوڈیشل کمیشن نے ڈاکٹر سمعیہ کو رینجرز سیکیورٹی کی پیشکش کی جسے انہوں نے فی الحال قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم، عدالت نے دھمکیوں کے اس سنگین معاملے پر وزیراعلیٰ اور وزیر داخلہ سندھ کو خط لکھنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔