زہریلی چائے پینے سے 2 بہنیں جاں بحق
شائع شدہ تاریخ 15 ستمبر, 2026
تفصیلات کے مطابق چکوال کے نواحی قصبے چک بھون میں مبینہ طور پر زہریلی چائے پینے کے بعد انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں دو بہنیں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ان کی والدہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
متاثرہ خاتون کے بیٹے نے بتایا کہ جب وہ گھر پہنچا تو دونوں بہنیں مردہ حالت میں پڑی تھیں جبکہ والدہ کی حالت انتہائی ابتر تھی۔
دونوں بہنوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ تشویشناک حالت کے پیش نظر والدہ کو فوری طور پر راولپنڈی کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چائے بناتے وقت غلطی سے کوئی زہریلی چیز شامل ہو گئی تھی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور طبی معائنے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔