امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کی ٹرمپ کیساتھ چہل قدمی پر معذرت
شائع شدہ تاریخ 12 جون, 2020
امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل مارک ملے نے واشنگٹن میں مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد صدر ٹرمپ کے ساتھ چہل قدمی پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ اس ماحول میں ان کی موجودگی سے یہ تاثر گیا کہ امریکی فوج ملکی سیاست میں ملوث ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں جنرل مارک ملے نے کہا کہ کمیشنڈ آفسر کی حیثیت سے اور وردی میں ٹرمپ کے ساتھ موجودگی کو اپنی غلطی سمجھتا ہوں، سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کے سفاکانہ قتل پر غصہ ہے ۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی اس تجویز کی پھر مخالفت کی کہ مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ملک میں فوجی دستے تعینات کیے جائیں۔ وائٹ ہاؤس کے باہر جارج فلائیڈ کی موت پر یکم جون کے پرُ امن مظاہرے پر شیلنگ کر کے اسے منتشر کیا گیا تھا، جس کے بعد صدر ٹرمپ نے وہاں کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر جنرل ملے بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر مینی پولِس میں 25 مئی 2020 کو سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں 45 سالہ سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ ہلاک ہوگیا تھا۔ مینی پولس میں سفید فام پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام جارج فلائیڈ کے قتل کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جس نے امریکا کی کئی ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔