کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کیلئے مفت ٹکٹ کا اعلان
شائع شدہ تاریخ 03 جون, 2020
کویت کی فضائی کمپنی نے کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والوں کے لیے مفت ٹکٹس کا اعلان کیا ہے۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق کویتی فضائی کمپنی جزیرہ ائیرلائن نے کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے عملے کے لیے بطور تحفہ سیرو تفریح کے لیے فری ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ جزیرہ ائیرلائن ملک بھر میں کورونا کے خلاف برسرپیکار عملے کے لیے 50 ہزار مفت ٹکٹ جاری کرے گی جو عملے کا شکریہ ادا کرنے کے لیے بطور تحفہ دیے جائیں گے۔ ائیرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ امیر قطر کی ہدایت پر کیا گیا ہے جو حکومت کی طرف سے کورونا کے خلاف لڑنے اور وبا سے لوگوں کی جان بچانے کو ترجیح دینے والوں کے لیے تحفہ ہے۔ ائیرلائن کے مطابق فری ٹکٹ کی معیاد 2021 تک ہوگی جس کے ذریعے دنیا میں کسی بھی مقام پر سفر کیا جاسکتا ہے۔ ائیرلائن کا کہنا ہے کہ ٹکٹ کے لیے لوگوں کا انتخاب سرکاری طور پر کیا جائے گا۔