پاک بحریہ نے مقامی اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا

شائع شدہ تاریخ 16 اپریل, 2026
پاک-بحریہ-نے-مقامی-اینٹی-شپ-میزائل-کا-کامیاب-تجربہ-کر-لیا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر)  کے مطابق مقامی ساختہ اینٹی شپ میزائل نے دور فاصلے پر ہدف کو انتہائی درستگی اور تیز رفتاری سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا جب کہ سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیم بھی تجربے کے دوران موقع پر موجود تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ صلاحیت کی حامل ٹیکنالوجی سے لیس ہے، میزائل خطرات سے بچنے اور بدلتی صورتحال میں مؤثر انداز سے ہدف حاصل کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ مقامی سطح پر تیار میزائل پاکستان کی تکنیکی مہارت کا واضح ثبوت ہے،کامیاب تجربہ آپریشنل مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج کی عکاسی کرتا ہے جب کہ کامیاب تجربے پر صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے ٹیم کو سراہا۔

آئی ایس پی آر نےکہا ہےکہ پاکستان نیوی سمندری دفاع کو مضبوط اور مؤثر بنانے کیلئے پرعزم ہے، یہ تجربہ سمندر میں مؤثر دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کے عزم کا مظہر ہے جب کہ علاقائی سمندری سکیورٹی اور استحکام یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔