محکمہ موسمیات نے کراچی میں تیز بارشوں کی تاریخ بتا دی

شائع شدہ تاریخ 31 جولائی, 2026
محکمہ-موسمیات-نے-کراچی-میں-تیز-بارشوں-کی-تاریخ-بتا-دی

تفصیلات کے مطابق ملک ہھر میں مون سون کی طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں جل تھل ایک ہونے کے بعد اب محکمہ موسمیات نے سندھ والوں کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج سے 2 اگست تک کراچی سمیت مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں کے بعد اب بادلوں کا رخ سندھ کی جانب ہو گیا ہے، اس دوران دوران تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، سجاول، ٹھٹہ، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، نوابشاہ، نوشہرو فیروز اور دادو میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

کراچی میں بھی یکم اور 2 اگست کو شام یا رات کے اوقات میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے بالائی، وسطی اور جنوبی اضلاع بشمول گوجرانوالہ اور مشرقی علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جو 5 اگست تک برقرار رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، خطۂ پوٹھوہار، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کا سنگین خطرہ موجود ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت 23 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد، سبی، لورالائی اور خضدار میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے۔

حکام نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ برقرار ہے، لہٰذا سیاح اور مقامی آبادی ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔