محمد احمد کے ساتھ پیش آئے واقعے پر عطا تارڑ کا ردعمل
شائع شدہ تاریخ 31 جولائی, 2026
عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ایک ڈرامہ سیریل کے سیٹ پر سینئر ٹی وی آرٹسٹ محمد احمد صاحب کے ساتھ جو کچھ پیش آیا، وہ نہ صرف قابلِ مذمت نہیں بلکہ انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اس سلسلے میں ایک حل تجویز کرنا چاہتا ہوں، نوجوان ٹی وی فنکاروں کے لیے ایک 'مینٹورشپ پروگرام' (رہنمائی کا پروگرام) یا اسی طرز کی کوئی کونسل تشکیل دی جائے جس کی سربراہی احمد صاحب جیسے سینئر فنکار کریں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اس معاملے پر تجاویز حاصل کرنے کے لیے میں ٹی وی فنکاروں کا ایک اجلاس بھی طلب کروں گا۔
واضح رہے جونیئر آرٹسٹ فہد شیخ کی جانب سے ایک ڈرامے کے سیٹ پر سید محمد احمد کے بالوں کا مذاق اڑایا گیا تھا جس پر سینئر اداکار نے سوشل میڈیا پر ویڈیو کے ذریعے برہمی کا اظہار کیا تھا۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد میڈیا انڈسٹری کے دیگر ستارے بھی محمد احمد کے حق میں سامنے آگئے اور معافی کا مطالبہ کیا گیا جس پر فہد شیخ کی جانب سے سوشل میڈیا پر معافی مانگی گئی۔