بیٹی کی شادی کی ویڈیو لیک ہونے پر خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی کا ردعمل سامنے آگیا
شائع شدہ تاریخ 23 اکتوبر, 2025
حال ہی میں خامنہ ای کے مشیر اور ایران کے سینئر ترین عہدیدار علی شمخانی کی بیٹی کی اپریل میں ہونے والی شادی کی ویڈیو لیک ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ویڈیو میں علی شمخانی کی بیٹی اور اہلیہ کو مغربی طرز کا لباس پہنے دیکھا گیا تھا جب کہ تقریب میں موجود دیگر خواتین بھی بغیر حجاب کے نظر آرہی تھیں۔
ویڈیو نے تہران میں عوامی اور سیاسی حلقوں میں بھونچال برپا کردیا تھا جس کے بعد اس تنازع پر علی شمخانی کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
العربیہ نے فارس نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں ہفتے ایک فوجی کمانڈر کے جنازے کے دوران ایک صحافی نے علی شمخانی سے اس ویڈیو سے متعلق سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’ تازہ ترین تنازع پر بھی میرا ردعمل وہی ہے جو پچھلے مسئلے پر تھا‘۔
نیوز ایجنسی کے مطابق اس موقع پر ایرانی عہدیدار نے سخت الفاظ کا استعمال کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ’میں ابھی تک زندہ ہوں‘۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی علی شمخانی نے عبرانی زبان میں ایک ٹوئٹ کی جس کا اردو ترجمہ یہی ہے کہ ’میں ابھی زندہ ہوں ‘۔
علی شمخانی اس جملے کا استعمال پہلے بھی کرچکے
اس سے قبل گزشتہ جون میں بھی علی شمخانی نے اسرائیل کی جانب سے تہران میں اپنے گھر کو نشانہ بنانے والے فضائی حملے میں بچ جانے کے بعد اسرائیل سے خطاب میں یہی جملہ استعمال کیا تھا۔