بہو کو کرنٹ لگا کر قتل کردیا گیا، سسرالیوں پر سنگین الزام
شائع شدہ تاریخ 29 اگست, 2026
کوٹ رادھاکشن کے علاقے بھوتن پورہ میں سسرالیوں کی مبینہ طویل یاسیت اور تشدد کے نتیجے میں ایک اور بہو جاں بحق ہو گئی ہے۔ مقتولہ کے ورثا کا کہنا ہے کہ سسرالی رشتہ داروں نے شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد کرنٹ لگا کر ایمان فاطمہ کو قتل کیا ہے۔
مقتولہ کے لواحقین کے مطابق ایمان فاطمہ نے تقریباً ایک سال قبل نعیم نامی شخص سے اپنی مرضی سے پسند کی شادی کی تھی۔
ورثا نے انکشاف کیا ہے کہ سفاکیت کا نشانہ بننے والی ایمان فاطمہ کو قتل کرنے سے محض دو روز قبل زبردستی گنجا بھی کیا گیا تھا، جس سے اس پر ڈھائے جانے والے مظالم کی سنگینی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ملزم شوہر نعیم نے اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا اور ایمان فاطمہ کی موت گھر میں اچانک کرنٹ لگنے کے باعث واقع ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ادھر مقتولہ کے ورثا نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس ہولناک واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور بیٹی کے قاتلوں کو عبرتناک سزا دے کر انصاف فراہم کیا جائے۔