بھارتی فورسز کی کارروائیاں، 24گھنٹے میں 9کشمیری جاں بحق

شائع شدہ تاریخ 08 جون, 2020
بھارتی-فورسز-کی-کارروائیاں،-24گھنٹے-میں-9کشمیری-جاں-بحق

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی فائرنگ اور آپریشنز کے دوران جھڑپوں کے نتیجے میں 24گھنٹے میں کم از کم 9 کشمیری جاں بحق ہوگئے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے ساتھ لڑائی میں اپریل سے اب تک کم از کم 50 حریت پسند جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ اس دوران 23بھارتی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ بھارتی حکام اور مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حالیہ جھڑپ کا آغاز اس وقت ہوا جب وادی کے جنوبی حصے میں واقع گاؤں کو پولیس اور فوج نے گھر کو میں مسلح افراد کی موجودگی کے شبہ پر گھیرے میں لے لیا تھا۔تحریر جاری ہے‎ بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ اس دوران جھڑپ شروع ہوگئی جس میں پانچ افراد مارے گئے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ گھیرے میں لیے گئے گھروں میں مزید دو افراد کے موجود ہونے کا شبہ تھا۔ دوسری جانب ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا کہ بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں پنجورہ کے علاقے کو بھی گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کے دوران چار کشمیری نوجوانوں کو قتل کردیا جس کے بعد 24 گھنٹے میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے کشمیریوں کی تعداد 9 ہوگئی۔ ادھر سیکڑوں کشمیریوں نے قابض بھارتی فوج کی کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیا اور بھارتی فوج پر پتھراؤ کرنے کے ساتھ ساتھ 'بھارت جاؤ، واپس جاؤ' کے نعرے لگائے۔ پولیس حکام کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسوگیس اور لوہے کے چھروں کا استعمال کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال پانچ اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے خصوصی درجے کا خاتمہ کردیا تھا جس کے بعد سے وہاں مستقل کرفیو نافذ ہے۔ حالیہ مہینوں میں کرفیو میں کچھ نرمی کی گئی ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے وادی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ واضح رہے کہ ان واقعات سے ایک دن قبل ہی سپور کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا جبکہ اس قتل کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تھی۔ ادھر سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے کشمیر میڈیا سروس کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ حریت رہنماؤں نے جاں بحق 9کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے فوری مداخلت کا کہتے ہوئےوادی میں قتل عام رکوانے کا مطالبہ کیا۔ جموں اینڈ کشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین عمر عادل ڈار نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم کشمیریوں کی موت پر دنیا کا غیرسنجیدہ رویہ ہی قتل عام کی اصل وجہ ہے۔