ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے خاتون بائیکر دریائے سواں میں گر کر جاں بحق

شائع شدہ تاریخ 13 اگست, 2026
ٹک-ٹاک-ویڈیو-بناتے-ہوئے-خاتون-بائیکر-دریائے-سواں-میں-گر-کر-جاں-بحق

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ڈیفنس فیز ون کے قریب دریائے سواں میں گر کر 28 سالہ خاتون بائیکر اور سوشل میڈیا کنٹینٹ کریئیٹر کومل جان جاں بحق ہو گئی۔

ریسکیو ٹیموں نے کئی گھنٹوں کے سرچ آپریشن کے بعد لاش کو نکال کر اسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ گلستان کالونی کی رہائشی 28 سالہ کومل جان الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ملازمت کرتی تھیں اور ہیوی بائیکنگ کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر ویڈیوز بنانے کا شوق رکھتی تھیں۔

ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ایک شہری کی جانب سے خاتون کے ڈوبنے کی اطلاع دی گئی، جس کے بعد پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا۔

سواں پل کے اوپر سے کومل جان کی بائیک، ہینڈ بیگ، ہیلمٹ اور شناختی کارڈ برآمد ہوا، جس کے ذریعے ان کی شناخت ممکن ہوئی۔

ویڈیو پولیس کی تشکیل کردہ تحقیقاتی ٹیم نے تمام شواہد اور تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد انکشاف کیا کومل جان کا ایک موبائل فون بائیک پر رکھے بیگ سے ملا جبکہ وہ دوسرے موبائل فون سے سواں ندی کے کنارے ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہی تھیں کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے پانی میں جا گریں۔

پولیس کے مطابق عینی شاہدین کے ابتدائی بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں جبکہ متوفیہ کے اہل خانہ نے بھی کسی پر شک کا اظہار نہیں کیا اور واقعے کو حادثہ قرار دیا ہے۔

پوسٹ مارٹم کی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پولیس نے لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا ہے۔