وزیراعظم آج چین میں مصروف ترین دن گزاریں گے، چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کرینگے
شائع شدہ تاریخ 25 مئی, 2026
ذرائع کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف کی آج چین کے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور اعلیٰ چینی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی۔
وزیراعظم کوگریٹ ہال آف دی پیپلز آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا اور چینی وزیراعظم لی چیانگ ان کا استقبال کریں گے۔
دونوں وزرائے اعظم کی وفود کی سطح پر ملاقات ہوگی جس دوران دونوں وزرائے اعظم پاک چین مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کے تبادلے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم وفد کے ہمراہ تیانمن اسکوائر میں عوامی ہیروز کی یادگارپرحاضری دیں گے اور پھولوں کا گلدستہ رکھیں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی معروف چینی سرمایہ کاروں اور چینی کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
مزید برآں وزیرِاعظم اعلیٰ چینی قیادت کےہمراہ پاک چین سفارتی تعلقات کی75ویں سالگرہ سے متعلق منعقدہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔