نکاح کی رجسٹریشن پر نئی پابندیاں عائد کردی گئیں

شائع شدہ تاریخ 11 ستمبر, 2026
نکاح-کی-رجسٹریشن-پر-نئی-پابندیاں-عائد-کردی-گئیں

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کم عمری کی شادیوں کے رجحان کی روک تھام کے لیے نکاح رجسٹرارز پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

حکام نے کم عمری کی شادیوں کے انسداد اور نکاح کی رجسٹریشن کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے نکاح رجسٹرارز پر نئی سخت پابندیاں اور اہلیتی معیار لاگو کر دیا ہے۔

نئے قوانین کے تحت کوئی بھی نکاح رجسٹرار اپنے مقررہ دائرہ اختیار یا نامزد کردہ علاقے سے باہر جا کر نکاح رجسٹر کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔

نکاح رجسٹرار کے عہدے پر تعیناتی کے لیے امیدوار کا تعلیمی معیار پورا کرنا اور ازدواجی قوانین و طریقہ کار پر مبنی ٹیسٹ میں کم از کم 90 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

کمپیوٹر اور تکنیکی معلومات نہ رکھنے والوں کے لیے اہلیت ختم کر دی گئی ہے، انٹرنیٹ استعمال نہ کر سکنے یا موبائل فون چلانے سے قاصر افراد کو بطور نکاح رجسٹرار تعینات نہیں کیا جائے گا۔