پاکستانیوں کیلئے برطانیہ کا اسکلڈ ورکر ویزا، اہلیت اور درخواست کا طریقہ

شائع شدہ تاریخ 09 ستمبر, 2026
پاکستانیوں-کیلئے-برطانیہ-کا-اسکلڈ-ورکر-ویزا،-اہلیت-اور-درخواست-کا-طریقہ

تفصیلات کے مطابق بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے برطانیہ کے اسکلڈ ورکر ویزا سے متعلق اہم معلومات جاری کردیں۔

جاری کردہ معلومات کے تحت اس ویزے کی بنیادی شرط یہ ہے کہ امیدوار کے پاس یو کے ہوم آفس سے منظور شدہ آجر کی جانب سے باقاعدہ جاب آفر اور ‘سرٹیفیکیٹ آف اسپانسرشپ’ موجود ہو۔

علاوہ ازیں منتخب پیشہ منظور شدہ فہرست میں شامل ہونا، مقررہ کم از کم تنخواہ کے معیار پر پورا اترنا اور انگریزی زبان میں مہارت کا حامل ہونا ضروری ہے۔

اسکلڈ ورکر ویزا زیادہ سے زیادہ 5 سال کے لیے جاری کیا جاتا ہے، جبکہ اہلیت برقرار رہنے کی صورت میں اس میں توسیع بھی ممکن ہے، 5 سال مکمل ہونے پر مستقل رہائش کے لیے درخواست دی جا سکتی ہے۔

اہلِ خانہ کی ساتھ منتقلی


اس ویزے کے تحت برطانوی قوانین کے مطابق شریکِ حیات اور بچے بھی ساتھ جانے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

درخواست کا طریقہ


ویزا کی درخواست کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے، ملازمت کے آغاز سے 3 ماہ قبل درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔

پروسیسنگ کا وقت


برطانیہ سے باہر سے درخواست دینے والوں کا فیصلہ عموماً 3 ہفتوں میں جبکہ برطانیہ کے اندر سے 8 ہفتوں میں ہوتا ہے۔ اضافی فیس کے ساتھ تیز رفتار سروس بھی دستیاب ہے۔

حقوق و پابندیاں


یہ ویزا قانونی ملازمت، تعلیم، بیرونِ ملک سفر اور رضاکارانہ خدمات کی اجازت دیتا ہے اور مستقبل میں مستقل رہائش کی راہ ہموار کرتا ہے۔ تاہم، اس ویزے پر زیادہ تر سرکاری مالی معاونت (Public Funds) اور پینشن تک رسائی کی اجازت نہیں ہوتی۔

مزید تفصیلات کے لیے برطانوی حکومت کی ویب سائٹ (www.gov.uk/skilled-worker-visa/print) یا بیورو آف ایمیگریشن کی آفیشل ویب سائٹ (www.beoe.gov.pk) سے رجوع کیا جا سکتا ہے