ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی، غیر قانونی ہجرت کی کوشش ناکام

شائع شدہ تاریخ 11 ستمبر, 2026
ایف-آئی-اے-امیگریشن-کی-کارروائی،-غیر-قانونی-ہجرت-کی-کوشش-ناکام

فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن ملتان نے ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے آذربائیجان اور سربیا کے راستے غیر قانونی طور پر مغربی یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی اور 2 مسافروں سمیت 3 مبینہ ایجنٹس اور سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے مسافروں میں مظہر اقبال اور نعیم عباس شامل ہیں، جبکہ مبینہ سہولت کاروں میں اعجاز چیمہ، سہیل اسلم اور سجاول کے نام شامل ہیں۔ ملزمان کا تعلق گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ اور خانیوال سے ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ دونوں مسافر دبئی کے راستے آذربائیجان جا رہے تھے اور ان کا حتمی منصوبہ آذربائیجان اور سربیا کے راستے غیر قانونی طور پر مغربی یورپ میں داخل ہونا تھا۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ غیر قانونی یورپ منتقلی کے لیے فی کس 30 لاکھ روپے میں معاملہ طے پایا تھا، جس میں سے دونوں مسافروں کی جانب سے 5، 5 لاکھ روپے پہلے ہی ادا کیے جاچکے تھے۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مبینہ سہولت کار اعجاز چیمہ نے عدنان شاہد کے ذریعے آذربائیجان کے ویزے حاصل کیے تھے، جبکہ سہیل اسلم نے ملتان ایئرپورٹ پر مسافروں کی امیگریشن کلیئرنس میں معاونت فراہم کی۔ دورانِ تفتیش سہولت کار کے موبائل فون سے مسافروں کے سربیا کے مشتبہ ویزے بھی برآمد ہوئے ہیں۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق شواہد چھپانے کے لیے مسافروں کے موبائل فونز کا ڈیٹا حذف کیا گیا تھا، تاہم ڈیجیٹل تجزیے، موبائل فون ریکارڈ اور واٹس ایپ گفتگو سے سہولت کاری کے ٹھوس شواہد مل گئے ہیں۔

ایف آئی اے نے ملزمان کے موبائل فونز سمیت تمام اہم شواہد قبضے میں لے لیے ہیں اور گرفتار تمام 5 ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔