کرم میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک

شائع شدہ تاریخ 11 ستمبر, 2026
کرم-میں-سیکیورٹی-فورسز-کا-آپریشن،-4-دہشت-گرد-ہلاک

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں اہم اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کے منصوبے خاک میں ملا دیے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ 8 ستمبر کو ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں "فتنہ الخوارج” سے منسلک افغان خارجی عبید اللہ سعد اپنے 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔

ہلاک دہشت گرد عبید اللہ سعد افغانستان کے صوبہ لوگر کا رہائشی تھا اور پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد سنگین کارروائیوں میں ملوث تھا۔

سیکیورٹی فورسزنےریاست دشمن عناصرکےخلاف کارروائیاں بلاامتیازجاری رکھنےکے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کرم میں کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تعریف ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ریاست دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔