غزہ میں اسرائیلی بمباری، متعدد فلسطینی شہید
شائع شدہ تاریخ 21 اپریل, 2026
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طبی ذرائع نے بتایا کہ وسطی غزہ کے البریج کیمپ میں اسرائیلی فوج کے حملے کے نتیجے میں ایک شخص شہید ہوا، جبکہ غزہ سٹی میں ایک اور حملے میں ایک شخص شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
بعد ازاں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے مغربی علاقے میں ہونے والے فضائی حملے میں مزید تین افراد شہید ہو گئے، جس کی تصدیق ناصر ہسپتال کے حکام نے کی۔
یہ واقعات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیل اور حماس کے درمیان دو سالہ جنگ کے بعد اکتوبر میں امریکا کی ثالثی میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا، تاہم اس کے اہم نکات پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت تعطل کا شکار ہے۔
دوسری جانب الجزیرہ ٹی وی کے ایک حالیہ سیٹلائٹ تجزیے میں انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں اپنے فوجی اڈوں اور انفرااسٹرکچر میں بڑے پیمانے پر توسیع شروع کر دی ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر سے واضح ہوتا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں نئے فوجی اڈے، چوکیاں اور سڑکوں کا جال بچھا رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق غزہ میں کم از کم 13 نئی فوجی آؤٹ پوسٹس (چوکیوں) کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ان تعمیرات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل غزہ میں طویل المدتی موجودگی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے نہ صرف نئے اڈے قائم کیے ہیں بلکہ موجودہ فوجی تنصیبات کو بھی پہلے سے زیادہ مضبوط اور وسیع کر لیا ہے۔