آزاد کشمیر انتخابات کا آغاز، میرپور ڈویژن میں آج ووٹنگ
شائع شدہ تاریخ 27 جولائی, 2026
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی 2026 کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں پولنگ آج ہوگی، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
پولنگ کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پولنگ کا سامان عملے کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولنگ کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
میرپور ڈویژن کے3 اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبھر کے 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے۔ جن میں مرد ووٹرز 7 لاکھ 25 ہزار 118 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 75 ہزار 628 ہے۔
میرپور ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ جن میں ضلع میر پور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 اور ضلع بھمبھر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
میرپور ڈویژن کے تینوں اضلاع کے 13 حلقوں پر پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن، استحکام پاکستان پارٹی، دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت 296 امیدوار میدان میں ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیرجسٹس (ریٹائرڈ) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتشاری ٹولوں کو مسترد کرکے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ پُرامن انتخابات کے لیے تمام ریاستی ادارے تیار ہیں ، انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا امن خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔