پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی، کراچی میں 46 لاکھ موٹرسائیکلیں
شائع شدہ تاریخ 03 اگست, 2026
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کا کہنا تھا ہمارا خطہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، ہمیں بھی خطرات لاحق ہیں، واقعات ہوئے ہیں لیکن ہم محفوظ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم ایک چیلنج اور بھتہ خوری مسئلہ ہے جبکہ بھکاری اس شہر میں اس لیے ہے کیونکہ یہ شہر دیتا ہے، کراچی میں اب نو گو ایریا نہیں ہیں، پولیس ہر جگہ جاکر کارروائیاں کر رہی ہے، ایک گروہ حالیہ واردتیں کر رہا تھا ان کے خلاف کامیاب ایکشن کیا، ہم کمیونٹی پولیسنگ اور منشیات کے خلاف بھی کام کررہے ہیں۔
کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا محکمہ پولیس کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا چاہتے ہیں، سیف سٹی میں کراچی لیٹ ہو گیا، شہر کے لیے سیف سٹی کا منصوبہ ناگزیر ہے، دوسرے بیچ کے 2000 کیمرے لگ رہے ہیں لیکن یہ تعداد کم ہے اور شہر کی ضرورت زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کراچی میں ٹریفک انجینئرنگ اور روڈ کی مینٹیننس کا مسئلہ ہے، یہاں ماس ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں ہے، 46 لاکھ موٹر سائیکلیں ماس ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے سبب ہیں۔