نئی تحقیق: پروٹین کا متوازن استعمال طویل عمر سے منسلک
شائع شدہ تاریخ 03 اگست, 2026
31 جولائی کو سیل پریس بلیو جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیقی جائزہ رپورٹ میں 350 سے زائد مطالعات کا تجزیہ کیا گیا جن میں پروٹین کی کم مقدار اور بڑھتی عمر کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے مطابق پروٹین کی محدود مقدار جسم کے میٹابولزم کو بہتر بنانے، خلیوں کے غذائی اجزاء پر ردِعمل کو متوازن رکھنے، خلیاتی نقصان کم کرنے اور خلیوں کی معمول کی کارکردگی برقرار رکھنے میں مدد دے سکتی ہے، جو مجموعی طور پر صحت مند اور طویل زندگی میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
تحقیق کے مرکزی مصنف اور یونیورسٹی آف وسکونسن-میڈیسن سے تعلق رکھنے والے ڈڈلی لیمنگ نے کہا کہ جسمانی ورزش کرنے والے اور فعال افراد کے لیے پروٹین پٹھوں کی نشوونما اور ورزش کے نتائج بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر لوگ جسمانی طور پر زیادہ متحرک نہیں ہوتے، اس لیے ممکن ہے کہ وہ اپنی ضرورت سے زیادہ پروٹین استعمال کر رہے ہوں، جس کے صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پروٹین کی ضرورت ہر فرد کی عمر، صحت، جسمانی سرگرمی اور طرزِ زندگی کے مطابق مختلف ہوتی ہے، اس لیے متوازن غذا اور ماہرین کی رہنمائی کے مطابق پروٹین کا استعمال ہی بہتر حکمتِ عملی ہے۔