سڈنی واقعے پر اسرائیلی وزیراعظم کا سخت ردعمل، آسٹریلیا کو کڑی تنقید کا نشانہ
شائع شدہ تاریخ 15 دسمبر, 2025
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے الزام عائد کیا ہے آسٹریلیا کی حکومت نے یہود مخالف جذبات پر تیل ڈالا، جب یہود مخالف جذبات بڑھ رہے تھے اس وقت آسٹریلیا کی قیادت خاموش رہی، روک تھام کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سڈنی کے مشہور بونڈی بیچ پر دو مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور 40 افراد زخمی ہوئے۔
آسٹریلوی پولیس نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک فائرنگ کرنے والا بھی شامل ہے جبکہ دوسرے حملہ آور کوحراست میں لے لیا گیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ایک حملہ آور کو وہاں موجود ایک شہری نے اپنی جان پر کھیل کر بہادری سے پکڑا اور اس کا اسلحہ چھین کر متعدد لوگوں کی جانیں بچائیں۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس کمشنر نے بتایاکہ ہلاک حملہ آور کی شناخت 50 سال کے ساجد اکرم کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی حملہ آور کی شناخت 24 سال کے نوید اکرام کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق ہلاک حملہ آور کے پاس 10 سال سے اسلحے کا لائسنس موجود تھا اور وہ ایک گن کلب کا رکن بھی تھا۔