رن آؤٹ تنازعہ میں افسوسناک واقعہ، بھارت میں امپائر ہلاک
شائع شدہ تاریخ 08 اپریل, 2026
پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی گراؤنڈ میں جاری میچ کے دوران 2 ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان رن آؤٹ کے فیصلے پر جھگڑا ہوا جسے امپائرز اجیت بابو اور ان کے دوست نے موقع پر ہی ختم کروا دیا، تاہم ایک تماشائی کانتا کشور غصے میں آکر امپائرز اور کھلاڑیوں کو گالیاں دینے لگا۔
حکام کے مطابق ملزم کانتا کشور نے بعد میں امپائرز کو معاملہ طے کرنے کے بہانے بلایا، میچ ختم ہونے کے بعد اجیت بابو اور چند دوست موقع پر پہنچے تو دوبارہ تلخ کلامی شروع ہوگئی، اسی دوران ملزم نے اچانک چاقو نکال کر حملہ کردیا۔
اجیت بابو کو سینے پر گہرا زخم آیا اور وہ موقع پر گر گئے جبکہ دوست زخمی ہوگئے، ایک اور شخص بھی بیچ بچاؤ کے دوران زخمی ہوا، زخمیوں کو ابتدائی طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اجیت بابو کو مردہ قرار دے دیا۔
مقتول کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ حملہ میچ کے دوران ایک رن کے تنازع کا نتیجہ تھا جسے پہلے ہی حل کرا دیا تھا، تاہم ملزم جو کہ کھلاڑی بھی نہیں تھا، بعد میں نشے کی حالت میں واپس آیا اور منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا۔
پولیس نے مقتول کے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔