امریکی ویب سائٹ کا دعویٰ، ایران نے جے ڈی وینس کو اہم پیغام دیا
شائع شدہ تاریخ 16 جولائی, 2026
امریکی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں پچھلے ماہ مذاکرات کےدوران ایرانی حکام نے نائب امریکی صدر کو خبردار کیا تھا کہ وٹکوف اور کشنر کی موجودگی دائمی ڈیل نہیں ہونے دے گی کیونکہ یہ دونوں ڈیل سے زیادہ اقتصادی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
امریکی ویب سائٹ کے مطابق ہیرا پھیری کے ذریعے بنائی گئی رقم کی مالیت جون تک 9 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔تاہم ٹرمپ انتظامیہ نے ایرانی حکام کا یہ دعویٰ مستردکردیا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق ایرانی حکام نے اس بات پربھی اعتراض کیا تھا کہ وٹکوف اور کشنر اہم امور سے اسرائیلی وزیراعظم کو مسلسل آگاہ کررہے ہیں۔
امریکی اہلکار نے ایک اور ویب سائٹ کوبتایا تھا کہ مذاکرات شروع ہونے سے اب تک وٹکوف اورکشنر تقریباً ہر روز اسرائیلی وزیراعظم اور سربراہ موساد سےبات کرتے ہیں۔
رپورٹ کےمطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے پہلے بھی ایرانی حکام نے امریکی صدر کیلئے ثالثوں کو تحریری دستاویز شواہد کے طور پر دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ صدرٹرمپ کے قریبی افراد ہی فنانشل مارکیٹ میں کارستانیاں دکھا رہےہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اینا کیلی نے امریکی ویب سائٹ کی رپورٹ ایرانی پروپیگنڈا قرار دے دی۔
تاہم نائب صدر کے قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ایرانیوں نے یہ بات برملا کہی تھی کہ انہیں وٹکوف اورکشنر کی موجودگی پراعتراض ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگ سے پہلے عمان اور سوئٹزرلینڈ میں ہوئے مذاکرات کے بارے میں بھی ایرانی حکام کا دعوی تھا کہ انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ وٹکوف سفارتکاری سے ناواقف تھے اور انہوں نے یورینیئم کی افزودگی سمیت مختلف امور پر ایرانی مؤقف غلط طور پر پیش کیا تھا اور وہی غلط تاثر صدر ٹرمپ تک پہنچا دیا گیا تھا۔
ویب سائٹ کے مطابق ایرانی حکام یہ بھی چاہتے ہیں کہ مذاکراتی ٹیم میں شامل اہلکاروں کی تعداد بڑھائی جائے۔