بنگلادیش کیخلاف 70 اوورز میں 260 رنز کا ہدف ملا تو یقینی طور پر ہم جیت کیلئے جائیں گے: سلمان آغا
شائع شدہ تاریخ 12 مئی, 2026
پیر کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل کے اختتام تک بنگلادیش نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 152 رنز بنالیے اور پاکستان کے خلاف اس کی مجموعی برتری 179 رنز کی ہوگئی ہے۔
ڈھاکا میں چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہاکہ اس وقت آپ کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کس کو ٹیسٹ میں برتری حاصل ہے، میچ کا آخری روز بڑا دلچسپ ہو گا ہم انہیں جلد از جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے ، یہی ہماری حکمت عملی ہو گی۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ اگر بنگلا دیشی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہیں اور 70 اوورز میں 260 رنز کا ٹارگٹ دیتے ہیں تو یقینی طور پر ہم جیت کے لیے جائیں گے لیکن مجھے نہیں لگتا وہ ایسا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری ذاتی طور پر خواہش ہو گی کہ وہ 60 سے 70 اوورز میں ہمیں 260 تک ٹارگٹ دیں لیکن ایسا دکھائی نہیں دیتا۔ پانچویں روز اگر 30،40 اوورز میں 300 ٹارگٹ ملے تو یہ مشکل ہوتا ہے۔
سلمان علی آغا نے کہاکہ ٹیسٹ کے دوسرے روز ہم نے بہت اچھا کھیلا، ہم نے جلد آؤٹ بھی کیا اور بیٹنگ بھی اچھی کی تھی، پہلے دن ہم آگے نہیں تھے جبکہ تیسرا روز ملا جلا رہا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ جب کھیل رہے ہوتے ہیں جیتنا ہی ترجیح ہوتا ہے۔ ہم یہی چاہیں گے کہ بنگلا دیش کو جلد از جلد آؤٹ کریں وہ کیا سوچ رہے ہیں یہ وہی بتا سکتے ہیں۔
سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے آنے سے ٹیمیں اب میچ جیتنے کے لیے جاتی ہیں، پچز ایسی تیار کی جاتی ہیں جن سے نتیجہ نکلے۔ 10، 15 برس پہلے چلے جائیں تو ایسی پچز ہوتی تھیں ٹیسٹ ڈرا ہوتے تھے۔