آزاد کشمیر انتخابات شفاف ہوئے، پی پی کے تحفظات دور کرنے کیلئے تیار ہیں: رانا ثنا اللہ
شائع شدہ تاریخ 20 اگست, 2026
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیرالیکشن میں دھاندلی نہیں کی گئی، شفاف انتخابات ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے جو بھی تحفظات ہیں، وہ دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جی بی اور آزاد کشمیر الیکشن کے دوران تعلقات میں تلخی آئی۔ بلاول نے تندوتیز تقاریر کیں اور ہماری جانب سے کچھ ایسے جوابات گئے جو ناگوار گزرے ہوں گے لیکن انتخابی ماحول میں تلخی آنا کوئی حیران کن بات نہیں۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ بلاول بھٹو کو جس طریقے کی بریفنگ دی گئی وہ درست نہیں۔ وہ جب ہمارا موقف سنیں گے تو ان کی رائے یہ نہیں رہے گی۔ بلاول بھٹو سے جب بھی ملاقات ہوگی بعض چیزیں ان کے سامنے رکھوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی لیڈر آف دی اپوزیشن ہیں تو وہ یہی کہیں گے کہ حکومت تین چار دن کی مہمان ہے۔ ہر اپوزیشن حکومت کو ہمیشہ تین چار دن کا مہمان کہتی ہے اور پھر یہ تین چار دن کی مہمانی چار سال اور بعض اوقات پانچ سال ہو جاتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف بڑے متحرک انسان ہیں، اور ان کے اردگرد ان کی کوششیں ناکام بنانے والا کوئی آدمی نہیں ہو سکتا۔
وزیراعظم کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ میں کمیٹیز قائم ہیں، بل ڈسکس نہ ہو تو ہاؤس میں پیش نہیں کیا جاتا۔ جب تک کسی بل پر اتفاق رائے نہیں ہوگا تو اسے پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جائیگا۔