ڈپریشن کا علاج کیسے کیا جائے؟ اہم احتیاطی تدابیر اور علاج

شائع شدہ تاریخ 14 ستمبر, 2026
ڈپریشن-کا-علاج-کیسے-کیا-جائے؟-اہم-احتیاطی-تدابیر-اور-علاج

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ چڑچڑاپن، نیند اور بھوک میں تبدیلی، ہر کام سے بے دلی اور مسلسل تھکن ڈپریشن کی علامات ہوسکتی ہیں۔

ڈپریشن ایک ایسی ذہنی اور طبی کیفیت ہے جو انسان کے مزاج، سوچ، رویے اور روزمرہ زندگی کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اسے محض وقتی اداسی یا کمزوری سمجھنا درست نہیں، کیونکہ ڈپریشن ایک سنجیدہ بیماری ہے جس کے لیے بروقت توجہ، مناسب علاج اور اپنوں کا تعاون ضروری ہے۔

ماہرِ ذہنی صحت ڈاکٹر حمزہ حسین کے مطابق ڈپریشن کو میجر ڈپریسیو ڈس آرڈر یا کلینیکل ڈپریشن بھی کہا جاتا ہے۔

اس کیفیت میں فرد طویل عرصے تک اداسی، خالی پن یا مایوسی محسوس کرسکتا ہے جبکہ ان سرگرمیوں میں بھی دلچسپی اور خوشی کم ہوجاتی ہے جو پہلے اسے پسند تھیں۔

بعض افراد میں اس کے اثرات اس حد تک بڑھ جاتے ہیں کہ ملازمت، تعلیم، گھریلو معاملات اور سماجی تعلقات متاثر ہونے لگتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈپریشن کی کوئی ایک مخصوص وجہ نہیں ہوتی بلکہ یہ کئی جسمانی، ذہنی اور ماحولیاتی عوامل کے باہمی اثر سے پیدا ہوسکتا ہے۔

جینیاتی رجحان، حمل کے دوران ماں یا بچے سے متعلق حالات، ماں کی ذہنی صحت، بچپن کے تجربات، مسلسل ذہنی دباؤ، خاندانی یا معاشرتی ماحول، پرورش اور موجودہ زندگی کے مسائل اس کیفیت کے خطرے میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ کام کا دباؤ اور مسلسل پریشانی بھی بعض افراد میں ڈپریشن کا سبب بن سکتی ہے۔

چڑچڑاپن بھی ڈپریشن کی علامت 

ڈپریشن کی علامات ہر شخص میں ایک جیسی نہیں ہوتیں اور ضروری نہیں کہ متاثرہ فرد ہر وقت اداس ہی نظر آئے۔ بعض افراد میں یہ کیفیت چڑچڑاپن، غصے، بے قراری یا معمولی باتوں پر جھنجھلاہٹ کی صورت میں ظاہر ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ بار بار رونے کو دل چاہنا، نیند میں کمی یا زیادتی، بھوک میں تبدیلی، توجہ مرکوز کرنے میں دشواری، مسلسل تھکن، توانائی کی کمی، ناامیدی اور خود کو بے کار سمجھنا بھی اہم علامات میں شامل ہیں۔ بعض افراد اپنے خاندان، بچوں یا دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے اور پسندیدہ سرگرمیوں میں بھی پہلے جیسی خوشی محسوس نہیں کرتے۔

کچھ مریضوں میں سوچنے، بولنے یا جسمانی حرکات کی رفتار بھی سست پڑسکتی ہے، جبکہ بعض افراد بے چینی اور گھبراہٹ کا شکار رہتے ہیں۔ بغیر کسی واضح وجہ کے سر درد، کمر درد یا دیگر جسمانی تکالیف بھی ڈپریشن کے ساتھ ظاہر ہوسکتی ہیں۔

ڈپریشن جسم کو کیسے متاثر کرتا ہے؟

ماہرین کے مطابق ڈپریشن کا اثر صرف دماغ یا جذبات تک محدود نہیں رہتا بلکہ پورا جسم متاثر ہوسکتا ہے۔ ذہنی کیفیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بعض جسمانی علامات کو سائیکوسومیٹک علامات کہا جاتا ہے۔

ڈپریشن کے شکار افراد میں سر، گردن یا کمر میں درد کے علاوہ معدے اور نظامِ ہاضمہ سے متعلق مسائل بھی سامنے آسکتے ہیں، جن میں گیس، تیزابیت، قبض یا اسہال شامل ہیں۔ اسی طرح مسلسل تھکن اور توانائی کی کمی روزمرہ کے معمولی کاموں کو بھی مشکل بنا سکتی ہے۔

ڈپریشن کا علاج ممکن ہے

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈپریشن قابلِ علاج کیفیت ہے، تاہم ہر فرد کے لیے علاج کا طریقہ یکساں نہیں ہوتا۔ مریض کی علامات، شدت اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ذہنی صحت کا ماہر مناسب علاج تجویز کرتا ہے۔ بعض افراد کو نسبتاً مختصر مدت میں بہتری محسوس ہوسکتی ہے جبکہ کچھ مریضوں کو طویل عرصے تک علاج اور فالو اَپ کی ضرورت پڑسکتی ہے۔

اہلِ خانہ اور دوستوں کا کردار بھی اس دوران انتہائی اہم ہے۔ ڈپریشن میں مبتلا شخص کے مسائل کو معمولی سمجھنے یا اسے محض حوصلے کی کمی کا طعنہ دینے کے بجائے اس کی بات توجہ سے سننا اور جذبات کو سمجھنے کی کوشش کرنا زیادہ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ اسے تنقید یا دباؤ کے بجائے مناسب پیشہ ورانہ مدد حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

ماہرین کے مطابق اگر کسی شخص میں ڈپریشن کی علامات مسلسل موجود ہوں یا اس کی روزمرہ زندگی متاثر ہونے لگے تو مستند ماہرِ نفسیات یا دوسرے ذہنی صحت کے ماہر سے مشورہ کرنا چاہیے۔ اگر کسی شخص کو خودکشی کے خیالات آرہے ہوں، وہ خود کو نقصان پہنچانے کا ارادہ ظاہر کرے یا فوری خطرے میں ہو تو اسے اکیلا نہ چھوڑیں اور فوراً مقامی ایمرجنسی سروس یا قریبی ہسپتال سے مدد حاصل کریں۔