پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کیلئے تیار ہیں: ایرانی صدر

شائع شدہ تاریخ 12 اگست, 2026
پاکستان-کے-ساتھ-مشترکہ-تعاون-کیلئے-تیار-ہیں-ایرانی-صدر

ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے  تہران میں ملاقات کی۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے بعد  گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کیلئے تیار ہیں، دوطرفہ تعلقات بڑھانےسے باہمی مفادات یقینی،علاقائی سکیورٹی و استحکام مضبوط ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات علاقائی سکیورٹی میں اضافہ کا سبب بن سکتے ہیں۔

صدرپزشکیان نے کہا کہ تہران تیار ہے کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سکیورٹی فیلڈز میں تعلقات گہرے کرے۔

ایرانی صدرمسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران سے تعلقات بڑھانے اور انہیں مضبوط کرنے سے متعلق وزیراعظم شہبازشریف اور دیگر پاکستانی حکام کی محبت اور دلچسپی ایران کیلئے انتہائی قابل قدر ہے، ایران تمام شعبوں میں پاکستان سے تعلقات بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کیلئے تیار ہے۔

اس کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران اورپاکستان کے تعلقات مضبوط اور نہ ٹوٹنے والے ہیں۔تہران سے تعلقات کو جامع انداز سے بڑھانے کیلئے اسلام آباد انتہائی سنجیدہ عزم کےساتھ اقدامات کررہاہے۔ 

محسن نقوی اس سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اپنے ہم منصب محسن مومنی سے بھی ملے تھے۔

 ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقاتوں میں خطے کی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔