ٹرمپ کا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے کا خیرمقدم
شائع شدہ تاریخ 17 اگست, 2026
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے حال ہی میں بالآخر مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ مشرقِ وسطیٰ متحد ہو رہا ہے اور ممالک آخرکار زیادہ مؤثر انداز میں اپنا دفاع کرنے کے قابل ہوں گے۔
امریکی صدر نے تینوں ممالک کی عظیم قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بڑا، جرات مندانہ اور اہم پہلا قدم ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب ، ترکیے اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ 7 اگست کو مکہ میں طے پایا تھا ۔
معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے میں سے کسی ایک پر حملہ تینوں ممالک پرحملہ تصورکیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے ’’مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے‘‘ پر دستخط کئے تھے ۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے معاہدے میں توسیع کا اشارہ د یتے ہوئے کہا تھا کہ معاہدہ امن و سلامتی کے حوالے سے صرف تین ممالک تک محدود نہیں۔