متحدہ عرب امارات میں خراب ٹائرز کے ساتھ گاڑی چلانے پر 500 درہم کا جرمانہ ہو گا
شائع شدہ تاریخ 17 جولائی, 2019
رواں سال اس خلاف ورزی پر ہزاروں گاڑیاں پکڑ کر ایک ہفتہ کے لیے ضبط کی گئیں ابو ظہبی پولیس کی جانب سے ڈرائیورز کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص خراب حالت والے یا بہت زیادہ گھِسے ہوئے ٹائرز کے ساتھ گاڑی چلاتا پکڑا گیا تو اُس پر پانچ سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، ساتھ میں ڈرائیونگ لائسنس پر چار بلیک پوائنٹس کا اندراج ہو گا جبکہ گاڑی بھی ایک ہفتہ کے لیے ضبط کر لی جائے گی۔ابوظہبی پولیس کے مطابق رواں سال جنوری سے جُون تک کے عرصے میں زائد المیعاد، خراب ٹائروں کے استعمال اور ٹائرز کے اچانک پھٹ جانے سے متعدد حادثات رُونما ہوئے، جن میں دو افراد زندگی سے محروم ہو گئے، آٹھ افراد کو درمیانے درجے کی چوٹیں آئیں جبکہ چار افراد کو معمولی زخم آئے۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران ابو ظہبی پولیس نے خراب یا زائد المیعاد ٹائرز کے ساتھ چلنے والی 5,376 گاڑیاں ضبط کیں اور اُنہیں جرمانے بھی کیے گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈرائیورز حضرات کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے تھوڑے تھوڑے دِنوں بعد اپنی گاڑی کے ٹائرز چیک کرواتے رہیں، اس کے ایئر پریشر کا خاص خیال رکھیں اور گاڑی کے ری نیوئل ٹیسٹ بھی کرواتے رہیں۔ ٹائرز میں خرابی یا اس میں کٹ لگنے کو معمولی خیال نہ کریں کیونکہ اس سے جان لیوا حادثات بھی پیش آ سکتے ہیں۔ خصوصاً گرمیوں کے دِنوں میں ٹھیک حالت والے ٹائرز کے ساتھ گاڑی چلانا لازمی ہے کیونکہ اس سیزن میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جانے کی صورت میں ٹائرز کے پھٹنے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔