فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس ڈاؤن، صارفین پریشان

شائع شدہ تاریخ 23 جولائی, 2026
فیس-بک-اور-انسٹاگرام-کی-سروس-ڈاؤن،-صارفین-پریشان

فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس 72 گھنٹوں کے دوران دوسری بار متاثر ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں صارفین لاگ ان یا ایپس استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔

ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے تقریباً 3600 صارفین کو اکاؤنٹس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سروس صبح 7 بجکر 54 منٹ پر متاثر ہونا شروع ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق 37 فیصد صارفین نے ایپ میں خرابی کی شکایت کی جبکہ 32 فیصد صارفین کو ویب سائٹ تک رسائی میں مسائل درپیش رہے، 23 فیصد صارفین کو لاگ ان میں مسائل کا سامنا رہا۔

انسٹاگرام صارفین کو بھی موبائل ایپ پر سروس استعمال کرنے میں دشواری پیش آئی ہے۔

واضح رہے کہ تین دنوں کے اندر سروسز کی معطلی کا یہ دوسرا واقعہ ہے، اس سے قبل اتوار کو بھی میٹا کی سروسز متاثر ہوئی تھیں، جس سے صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تاہم سروس متاثر ہونے پر میٹا کی جانب سے کوئی بھی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔