آئی فون 18 پرو سے متعلق حساس معلومات لیک ہو گئیں
شائع شدہ تاریخ 02 جولائی, 2026
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس سے متعلق حساس معلومات ایپل کے بھارتی سپلائر ٹاٹا الیکٹرانکس سے 630 گیگا بائٹس سے زیادہ کا خفیہ ڈیٹا چوری کر کے حاصل کیں، اس ڈیٹا میں ستمبر میں لانچ ہونے والے آئی فون 18 پرو کے پرزوں، سپلائر کی معلومات اور تصاویر کی تفصیلات بھی شامل ہیں، جنہیں ایپل اپنی انتہائی خفیہ معلومات میں شمار کرتا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دستاویزات میں ایپل کی خفیہ مہر اور آئی فون 18 پرو سیریز کے اندرونی کوڈ نیم بھی درج ہیں جب کہ 2026ء کے آغاز میں ٹاٹا کے پلانٹ میں کیے گئے ڈراپ ٹیسٹ کے دوران استعمال ہونے والے مبینہ آئی فون 18 پرو ماڈلز کی تصاویر بھی لیک ہونے والی حساس معلومات میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایپل نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹاٹا الیکٹرانکس کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جارہے ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹاٹا الیکٹرانکس نے تحقیقات کے دوران حساس سسٹمز تک رسائی محدود کر دی ہے اور فرانزک آڈٹ کے لیے ایک عالمی کنسلٹنسی کی خدمات بھی حاصل کر لی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد نا صرف ایپل اور ٹاٹا الیکٹرانکس کے درمیان اعتماد متاثر ہو سکتا ہے بلکہ حریف کمپنیوں اور دیگر سپلائرز کو بھی ایپل کی سپلائی چین سے متعلق اہم معلومات حاصل ہونے کا خدشہ ہے۔