گوگل نے اہم مفت سروس بند کرنے کا اعلان کر دیا

شائع شدہ تاریخ 20 جولائی, 2026
گوگل-نے-اہم-مفت-سروس-بند-کرنے-کا-اعلان-کر-دیا

جب اسٹوریج ختم ہونے لگتی ہے تو گوگل کی جانب سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ ماہانہ فیس پر مبنی اپ گریڈ کی جائے تاکہ مزید اسٹوریج مل سکے۔

اب تک گوگل کی جانب سے اکاؤنٹ اسٹوریج میں گوگل فوٹوز کی میڈیا فائلز، گوگل ڈرائیو فائلز اور جی میل کی ای میلز کو شامل کیا جاتا تھا۔

مگر اب اینڈرائیڈ فونز کے بیک اپ ڈیٹا کو بھی گوگل اسٹوریج کا حصہ مانا جائے گا۔

گوگل کی جانب سے صارفین کو ای میلز بھیج کر کلاؤڈ بیک اپ پالیسی میں کی جانے والی نئی تبدیلی کے بارے میں بتایا گیا۔

ای میل میں صارفین کو 45 دن کا نوٹس دیا گیا جس کے بعد اس تبدیلی کا اطلاق کر دیا جائے گا۔

جب ایسا ہوگا تو اینڈرائیڈ بیک اپ ڈیٹا گوگل اسٹوریج کا حصہ مانا جائے گا۔

اس پالیسی کے تحت اینڈرائیڈ فون کی سسٹم سیٹنگز، ایپ ڈیٹا، ایس ایم ایس میسجز اور کال ہسٹری ڈیٹا کو گوگل اکاؤنٹ اسٹوریج کا حصہ بنایا جائے گا۔

ای میل کے ذریعے اس نوٹس کا بنیادی مقصد صارفین کو اپنی اسٹوریج کو منیج کرنے یا بیک اپ سیٹنگز کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا ہے۔

اس سے قبل اینڈرائیڈ فونز کا مخصوص مواد جیسے گوگل فوٹوز اپ لوڈز اور ایم ایم ایس میسجز کو اسٹوریج کا حصہ بنایا جاتا تھا، مگر نئی تبدیلی کے بعد اینڈرائیڈ بیک اپ اکاؤنٹ اسٹوریج کو کافی حد تک بھر دے گا۔

گوگل نے انتباہ کیا ہے کہ اگر اینڈرائیڈ بیک اپ اسٹوریج لمٹ سے زیادہ ہوا تو صارفین کو اپنے گوگل اکاؤنٹ کو خالی کرنا ہوگا یا ماہانہ فیس ادا کرکے زیادہ اسٹوریج والے پلان کو لینا ہوگا۔

اس حوالے سے کچھ عرصے قبل گوگل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے خیال میں اوسطاً 40 ایم بی اسٹوریج اس مقصد کے لیے استعمال ہوگی جبکہ صارفین کو زیادہ کنٹرول بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ خود تعین کرسکیں کہ کونسا ڈیٹا اور ایپس کے بیک اپ کو محفوظ کرنا چاہیے۔

یہ گوگل کی جانب سے اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسیوں میں نئی تبدیلی ہے۔

اس سے قبل مئی 2026 میں کمپنی کی جانب سے نئے اکاؤنٹس کے لیے اسٹوریج کی حد کو 15 سے کم کرکے 5 جی بی کرنے کی آزمائش شروع کی گئی تھی۔