عباس عراقچی کی قیادت میں ایرانی وفد اسلام آباد پہنچ گیا

شائع شدہ تاریخ 25 اپریل, 2026
عباس-عراقچی-کی-قیادت-میں-ایرانی-وفد-اسلام-آباد-پہنچ-گیا

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفد کا استقبال کیا، اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں خطے کی تازہ صورتحال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔

اس سے قبل عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دورے کا آغاز کررہے ہیں، جس کا مقصد دو طرفہ امور پر اپنے شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے رکھنا اور خطے میں ہونے والی پیش رفت پر مشاورت کرنا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی رابطہ کیا تھا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے خطے کی صورتِ حال، جنگ بندی اور اسلام آباد کی جانب سے امریکا ایران رابطوں کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر گفتگو کی تھی۔

 اسحاق ڈار نے مسائل کے حل کے لیے مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا ، کہا خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری پیش رفت ناگزیر ہے۔

ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی گفتگو کی، جس میں خطے کی صورتِ حال اور جنگ بندی سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔

نیوز ایجنسی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت سے علیحدہ علیحدہ رابطے کیے۔