’سام سنگ‘ کے سستے فون نے سب کو حیران کردیا
شائع شدہ تاریخ 16 ستمبر, 2026
رپورٹس کے مطابق کمپنی کا نسبتاً سستا ’گلیکسی ایس 26 ایف ای‘ نئے سافٹ ویئر ’ون یو آئی 9‘ کا مستحکم ورژن حاصل کرچکا ہے، جبکہ کمپنی کا سب سے مہنگا فلیگ شپ ’گلیکسی ایس 26 الٹرا‘ اب بھی بیٹا مرحلے میں ہے۔
’اینڈورائڈ پولیس‘ کا کہنا ہے کہ ’گلیکسی ایس 26 ایف ای‘ کو اگست کے آخر میں ’ون یو آئی 9‘ کا اپ ڈیٹ مل چکا ہے جبکہ ’ایس 26 الٹرا‘ کی قیمت اس سے تقریباً دو گنا زیادہ ہے۔
ماضی میں ’سام سنگ‘ کی ’گلیکسی ایس‘ سیریز کو نئے اینڈرائیڈ اور ’ون یو آئی‘ اپ ڈیٹس سب سے پہلے ملتے تھے۔ کمپنی پہلے اپنی ایس سیریز کے نئے فلیگ شپ فونز کو اپ ڈیٹ کرتی، جس کے بعد فولڈیبلز، ایف ای اور دیگر فونز تک نیا سافٹ ویئر پہنچتا تھا۔
تاہم گزشتہ دو جنریشنز یعنی ’گلیکسی ایس 25‘ اور ’ایس 26‘ کے ساتھ یہ ترتیب تبدیل ہو گئی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ ’گوگل‘ کی جانب سے اینڈرائیڈ کے نئے ورژن جاری کرنے کے شیڈول میں تبدیلی ہے۔
ماضی میں اینڈرائیڈ کے بڑے اپ ڈیٹس عموماً اگست سے اکتوبر کے درمیان جاری ہوتے تھے، جبکہ سام سنگ اپنی فولڈیبل سیریز جولائی یا اگست میں متعارف کراتا تھا۔ اس لیے نئے اینڈرائیڈ ورژن فولڈیبلز کے لانچ کے بعد دستیاب ہوتے اور ایس سیریز کو پہلے اپ ڈیٹ مل جاتا۔
اب ’گوگل‘ نے اینڈرائیڈ کے بڑے اپ ڈیٹس کی ریلیز کا وقت جون یا جولائی کے قریب کر دیا ہے۔ نتیجتاً ’سام سنگ‘ کے فولڈیبل فونز نئے اینڈرائیڈ ورژن کے ساتھ ہی مارکیٹ میں آتے ہیں۔
اسی وجہ سے ’گلیکسی زیڈ فولڈ 7‘، ’زیڈ فلپ 7‘ اور بعد میں ’زیڈ فولڈ 8‘ اور ’زیڈ فلپ 8‘ کو نئے ون یو آئی ورژن کے ساتھ لانچ کیا گیا، جبکہ ایف ای ماڈلز بھی اسی شیڈول سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔