رپورٹ: 40 فیصد بھارتی نژاد افراد امریکا چھوڑنے پر غور

شائع شدہ تاریخ 24 اپریل, 2026
رپورٹ-40-فیصد-بھارتی-نژاد-افراد-امریکا-چھوڑنے-پر-غور

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سروے میں شامل 1000 افراد میں سے 14 فیصد نے بتایا ہے کہ وہ اکثر جبکہ 26 فیصد نے کہا ہے کہ وہ کبھی کبھار امریکا چھوڑنے کا سوچتے ہیں، سب سے بڑی وجہ ملکی سیاست سے مایوسی بتائی گئی، جسے 58 فیصد افراد نے اہم قرار دیا، اس کے بعد مہنگائی کو 54 فیصد اور ذاتی تحفظ کے خدشات کو 41 فیصد افراد نے اہم وجہ قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق موجودہ سیاسی ماحول اور حکومتی پالیسیوں پر عدم اطمینان نے اس رجحان کو بڑھایا ہے،71 فیصد افراد نے معیشت، امیگریشن اور عالمی تعلقات کے معاملات پر حکومت کی کارکردگی کو ناپسند کیا۔

سماجی سطح پر امتیازی سلوک اور عدم تحفظ کے احساس میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، کئی افراد نے بتایا کہ وہ روزمرہ زندگی میں اپنے رویے تبدیل کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

معاشی دباؤ بھی ایک اہم مسئلہ ہے، بڑے شہروں میں رہائش اور اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جہاں ایک کمرے کا کرایہ 3000 سے 5000 ڈالرز تک پہنچ چکا ہے اور بچوں کی پرورش کی لاگت بھی 3 لاکھ ڈالرز سے زائد بتائی گئی ہے۔

امیگریشن نظام کی پیچیدگیاں، ویزا تاخیر اور مستقل رہائش کے غیر یقینی امکانات بھی بڑی وجہ بن رہے ہیں، طویل انتظار نے پیشہ ور افراد میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی نژاد امریکی شہریوں میں سیاسی وابستگی بھی تبدیل ہو رہی ہے اور اب زیادہ افراد عملی مسائل جیسے روزگار، تحفظ اور مستقبل کے استحکام کو ترجیح دے رہے ہیں۔