APS شہداء کا غم ہمیشہ صدمہ رہے گا، بلاول
شائع شدہ تاریخ 16 دسمبر, 2019
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی پانچویں برسی کے موقع پر معصوم شہداء اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا غم ہمارے لیے ہمیشہ باعث صدمہ رہے گا۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی 5 ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انتہا پسندی و دہشت گردی درحقیقت امن و ترقی کی دشمن ہوتی ہے، دہشت گردوں کے سہولت کار اور سرپرست انسانیت کے مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذموم مقاصد کے حصول کی خاطر انتہا پسندی و دہشت گردی کو بطور آلہ استعمال کیا گیا، اس کا مقصد مخصوص ایجنڈا مسلط کرنے کے لیے پوری قوم کو یرغمال بناکر شہریوں کو خوف میں مبتلا رکھنا تھا۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کا دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ دو ٹوک موقف رہا ہے اور اسی کی پاداش میں پیپلز پارٹی کو بہت قربانیاں دینا پڑی ہیں، پی پی قیادت سمیت بے شمار کارکنان کو اس جنگ کے دوران شہید کیا جاتا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کا غم ہمارے لیے ہمیشہ باعث صدمہ رہے گا، جب تک ملوث قوتوں سے نبرد آزما نہیں ہونگے تب تک یہ سانحہ ہماری تاریخ میں ایک دھبہ رہے گا ، ہماری خصوصاً ان قوتوں کے خلاف لڑائی ہے جنہوں نے دہشت گردی کی آبیاری کی۔ بلاول نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے آمر سرپرستوں کے خلاف جدوجہد کے دوران قوم نے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے ، دہشت گردی کے ہاتھوں اپنی جان گنوانے والے 60 ہزار بے گناہ شہریوں میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خون بھی شامل ہے۔ شہید بی بی کو دہشت گردی اور اس کی پرورش کرنے والی آمریت کے خلاف سینہ سپر ہونے کی پاداش میں قتل کیا گیا مگر اس کے باوجود پیپلز پارٹی انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار نبھاتی رہی ہے۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ ہماری جماعت ہمیشہ مساوات پر مبنی، پر امن، خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کے لیے سرگرم عمل رہی ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی تمام پاکستانیوں کے حقوق کی لڑائی لڑتی رہے گی۔