10 دن میں ایران کے بارے میں جلدی فیصلہ کریں، معاہدہ نہ ہوا تو اثرات برے ہوں گے: ٹرمپ
شائع شدہ تاریخ 20 فروری, 2026
غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس سے خطاب میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ وقت آگیا ہےکہ ایران ہمارے ساتھ امن کے راستے پر چلے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن کے لیے ایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں رکھنے دیں گے، ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوں گے تو خطے میں امن ممکن نہیں ہوگا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ اچھی بات چیت ہو رہی ہے، بامعنی معاہد کرنا چاہتے ہیں، تقریباً 10 دنوں میں ایران کے بارے میں پتا چل جائے گا، ہمیں ایران کے ساتھ کچھ کام کرنا ہے، ایران کو معاہدہ کرنا پڑے گا ورنہ نتائج برے ہوں گے۔
غزہ پیس بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہاکہ ہم غزہ کے لوگوں کے لیے روشن مستقبل چاہتے ہیں،غزہ کی تعمیر نو اور استحکام کے لیے ممالک اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ 7 ارب ڈالرز سے زائد دیے جاچکےہيں امریکا 10 ارب ڈالرز دے گا، حماس معاہدے کے مطابق اپنے ہتھیار ہمارے حوالے کر دے گا، غزہ اب مزید انتہاپسندی اور دہشت گردی کا گڑھ نہیں رہے گا۔
واضح رہے کہ غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم شہباز شریف کر رہے ہیں۔
اجلاس شروع ہونے سے پہلے صدر ٹرمپ نے امن بورڈ کے شرکا سے گفتگو بھی کی۔ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی جملوں کا تبادلہ ہوا۔