گوگل نےکورونا کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی معاشی صورتحال کے باعث کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کو اسمارٹ سٹی بنانے کا منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گوگل کی سسٹر فرم سائیڈ واک لیبز اور واٹر فرنٹ ٹورنٹو مل کر کئی برس سے ٹورنٹو کو ڈیجیٹل شہر بنانے کے لئے پرعزم تھی۔سائِڈ واک کے چیف ایگزیکٹو ڈین ڈاک ٹروف کا کہنا تھا کہ کورونا کے پیش نظر لاک ڈاؤن سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، ایسے میں 12 ایکڑ کے منصوبے کے بنیادی حصوں کو ختم کئے بغیر اس کی تکمیل مشکل ہوگئی تھی۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ گزشتہ ڈھائی سال میں تیار کئے گئے نظریات بڑے شہر کے مسائل حل کرنے میں مدد دیں گے، بلکہ کم قیمت اور مستحکم بھی ثابت ہوں گے۔واٹر فرنٹ ٹورنٹو کے چیئرمین اسٹیفن ڈائمنڈ کا کہنا تھا کہ یہ وہ نتیجہ نہیں جس کی انہیں امید تھی، لیکن انہوں نے سائیڈ واک کےوژن اور کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔